Jump to content

مختصر حالات شاہ نور محمد رسڑاوی بہرائچی/تمہید

From Wikisource

تمہید

﷽ نحمده ونصلی علی رسوله الكريم بزرگان دین جب دنیا سے رخصت ہوتے ہیں تو ہمارے لئے اپنی زندگی کی ایسی سیرت چھوڑ جاتے ہیں جو ہمیشہ ہمیشہ ہدایت کا درس دیتی رہے۔ان کی زندگی ایک مکمل کتاب ہوتی ہے۔جس کے حروف و نقوش رحلت کے بعد زیادہ چمکتے اور اُبھرتے ہیں۔اُن کے حالات و واقعات اتنے اہم ہوتے ہیں کہ انہیں بُھلا دینا یقیناً ایک بڑا ظلم ہے۔مگر کیا کیجئے انسان کی خمیر میں نسیان داخل ہے۔وہ عبرت آموز اُمور کو دیکھتا ہے پھر کچھ دنوں میں انہیں بُھلا دیتا ہے۔اس لئے ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ انکی سیرت کو کاغذی پیراہن پہنایا جائے ،ان کے حالات زندگی کو حروف کے دائروں میں محفوظ کر دیا جائے۔تاکہ آئندہ نسلیں ان سے سبق حاصل کرتی رہیں۔یہ ایک مختصر تذکرہ مولانا نورمحمدصاحب ؒ رسڑاوی ثم بہرائچی خلیفہ شیخ الدلائل مولانا عبد الحق صاحب مہاجر مکیؒ کا پیش کیا جارہا ہے۔مولانا دور آخر کے بزرگوں میں تھے۔آپ کے مفصل حالات کے لئے ان مختصر اوراق میں گنجائش نہیں نکل سکتی۔اسلئے اختصار و اجمال کو تاحد امکان پیش نظر رکھا گیا ہے۔بہت ممکن ہے کہ آئندہ کوئی مفصل سوانح عمری شائع ہو جس میں تمام حالات زندگی کا استقصاء کیا جائے۔جس میں آپ کے زندگی کے ہر پہلو پر بحث کی گئی ہو۔نئی نئی باتیں منکشف ہو رہی ہیں نئے نئے حالات سے پردہ اٹھ رہا ہے۔تمام حالات سامنے آجائیں تو قلم بند کر کے پیش کر دیا جائے۔ محفوظ الرحمٰن نامیؔ